02 Feb 2024
(لاہور نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حامد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر ہونے والا ظلم کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حامد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو کئی ماہ سے پابند سلاسل کیا ہوا ہے، ہماری عدلیہ اپنا کام نہیں کر رہی، یہ جو ظلم ہو رہا ہے کسی سے ڈھکا چھپا نہیں،جو پہلے کبھی نہیں ہوا وہ بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی مرضی کے وکیل کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، وکیل صفائی پر بندوقیں تانی جارہی ہیں، ملک میں نا انصافی اور زیادتی ہو رہی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں انسانی حقوق کی گھناؤنی صورتحال ہے، آپ انتظار نہ کریں کہ مظلوم خود عدالت میں بھاگ کر آئے، بنیادی حقوق کو پامال ہونے سے روکا جائے۔