(لاہور نیوز) لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کردی گئی، منصوبہ رواں ماہ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا اور اڈا پلاٹ سے مراکہ ملتان روڈ تک 15 کلومیٹر طویل روٹ پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا،انہوں نے اڈا پلاٹ سے ملتان روڈ تک پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے سڑک کے بیس کورس اور اسفالٹ کے خود کار مکینیکل عمل کا مشاہدہ کیا اور عوام کی سہولت کیلئے پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملتان روڈ سے آنے والی ٹریفک کے لئے ایک سائیڈ پہلے کھول دی جائے گی، منصوبے پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور جلد کام کو مکمل کیا جائے، یہ منصوبہ لاہور کی ٹریفک کو ریگولیٹ کرنے کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں، ایف ڈبلیو او کے حکام نے وزیراعلیٰ کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
صوبائی وزراء اظفر علی ناصر، بلال افضل، سیکرٹری تعمیرات ومواصلات، کمشنر لاہور اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔