(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ کے سیزن نائب کی سپلیمنٹری اینڈ ریپلیسمنٹ ڈرافٹنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا۔
ڈرافٹنگ کے دوران تمام فرنچائزز نے اپنے انیسویں اور بیسویں کھلاڑیوں کا چناؤ کیا جبکہ جن فرنچائزز کے کھلاڑی دستیاب نہیں تھے ان کے متبادل کھلاڑی بھی چن لئے۔ذرائع کے مطابق پشاور زلمی نے متبادل کھلاڑی کے طور پر وقار سلام خیل کو لنگی نگیڈی کے لیے سلور کیٹیگری میں ڈرافٹ کرلیا ، فاسٹ باولر خرم شہزاد بھی جزوی طور پر دستیاب ہوں گے، ان کے متبادل کے طور پر سلور کیٹیگری میں فاسٹ باولر ارشد اقبال کو شامل کیا گیا ہے،افغان سپنر نور احمد کی جگہ پشاور زلمی نے گس اٹکنسن کا انتخاب کیا ہے
کراچی کنگز نے کیرون پولارڈ کے جزوی متبادل کے طور پر زاہد محمود کو شامل کیا ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے بسم اللہ خان، وینندو ہسرنگا کی جگہ لیں گے، سپلیمنٹری راؤنڈ میں پشاور زلمی نے لیوک ووڈ اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے اوبید میک کوئے کا انتخاب کیا۔
سپلیمنٹری راؤنڈ میں کراچی کنگز نے انگلش بلے باز لیوس ڈی پلوئے کو پک کیا جبکہ لاہور قلندرز نے سری لنکا کے بھانوکا راجا پاکسا کا انتخاب کیا، ملتان سلطانز نے ویسٹ انڈین وکٹ کیپر بلے باز جانسن چارلس کو ٹیم کا حصہ بنایا ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انگلش بلے باز لوری ایونز کا انتخاب کیا۔
سپلیمنٹری پک کے چوتھے راؤنڈ میں ملتان سلطانز نے 19 سالہ محمد شہزاد کا چناؤ کیا، قومی ٹیم کے بلےباز حیدر علی اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ کا حصہ بنے ، پشاور زلمی نے سپنر سفیان مقیم کو ڈرافٹنگ کیا جبکہ لاہور قلندرز نے طیب عباس کو پک کیا، کراچی کنگز نے 21 سالہ محمد روحید کو اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 9 ویں سیزن کا آغاز 17 فروری کو لاہور سے ہو گا، ایونٹ کے پہلے مرحلے کے میچز لاہور اور ملتان میں ہوں گے، رواں سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہو گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل کا شیڈول جاری کیا جا چکا ہے، 12فروری سے ٹیموں کی آمد اور پریکٹس سیشنز کا سلسلہ شروع ہو گا۔