(لاہور نیوز) چیف الیکشن کمشنر پنجاب نے صوبہ بھر میں انتخابات کے دوران فول پروف سکیورٹی پلان مرتب کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان اور چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، آئی جی پنجاب، متعلقہ سیکرٹریز اور دیگر افسران اجلاس میں شریک ہوئے ۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے شرکاء کو بریفنگ دی،عام انتخابات کیلئے سکیورٹی، ٹرانسپورٹیشن اور کمیونی کیشن پلان کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے ٹریننگ میں غیر حاضر رہنے والے پولنگ سٹاف کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور صوبہ بھر کے تمام اضلاع کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان مرتب کرنےکی بھی ہدایت کی۔
اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشن کے ہر بوتھ پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا، انتخابی عمل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو بلا تفریق یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد اہم قومی ذمہ داری ہے، مطلوبہ فنڈز مہیا کر دیئے گئے ہیں، انتظامات میں کسی قسم کی کمی قابل قبول نہیں ہوگی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ آرمی ، رینجرز اور پولیس کے دستے5 اور7 فروری کو فلیگ مارچ کریں گے۔