(دنیا نیوز) ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے، دھند کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا، ہزارہ ایکسپریس وے، ایم 1 کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے برہان، پشاور سے صوابی، ایم 2 کو للہ سے کلر کہار، بلکسر سے اسلام آباد مین ٹول پلازہ، سوہاوہ چکوال موڑ سے ٹی چوک اور کوٹ مومن سے چکری تک بند کر دیا گیا ہے۔
ایم 3 کو فیض پور سے درخانہ، ایم 4 کو شام کوٹ اور عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں، ایم 5 کو اٹک خورد سے مانسر، ڈیزرٹ سٹار سی این جی سے 26 نمبر چونگی، اٹک خورد سے حکیم آباد اور ایم 14 کو ہکلہ سے کوٹ بیلیاں تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔
سید عمران احمد نے مزید کہا ہے کہ مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔