(لاہور نیوز) پولیس شہداء کے خاندانوں کی ویلفیئر کے لئے اقدام جاری ہیں۔ راجن پور پولیس کے 8 شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹس فراہم کر دیئے گئے۔
اس حوالے سے سی پی او میں تقریب ہوئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پلاٹس کے کاغذات دیئے۔ انہوں نے کہا 2017 سے قبل کے 572 شہداء کے اہل خانہ کو اچھی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹس فراہم کئے، گھروں کی تعمیر کیلئے اقساط میں ایک کروڑ 30 لاکھ روپے دئیے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب پولیس گارڈز نے شہید سب انسپکٹر خالد محمود ورک کی قبر پر حاضری دی، سلامی پیش کی اور فاتحہ خوانی کی۔ تھانہ کاہنہ کے سب انسپکٹر خالد محمود ورک اشتہاری مجرم سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہو گئے تھے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں، لاہور پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔