(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 36واں اجلاس منعقد ہوا، کابینہ نے الیکشن پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے4ارب 10 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ تمام جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو آزادانہ انتخابی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی، فری اینڈ فیئر الیکشن کا انعقاد ہر صورت یقینی بنایاجائے گا، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی روشنی میں تمام امیدواروں کوجلسہ کرنے، ڈورٹو ڈور مہم چلانے اوربینرز و پوسٹر لگانے کی اجازت ہوگی، تمام جماعتوں کو یکساں لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے گی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاک فوج یا اداروں کے خلاف تقریر پر ضرور کارروائی ہو گی، فری اینڈ فیئر الیکشن میری ذمہ داری ہے جسے میں ہر صورت پوری کروں گا، عام انتخابات کا پرامن اور آزادانہ ماحول میں انعقاد یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کے ساتھ پورا تعاون کریں گے۔
کابینہ نے جنرل الیکشن کے موقع پر فول پروف انتظامات اور سکیورٹی کیلئے4ارب اور10کروڑروپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔ مناواں لاہور میں پنجاب کینسر کیئر ہسپتال کے قیام کیلئے کابینہ نے 8ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ صحت سہولت پروگرام کے تحت مریضوں کے علاج معالجے کے لئے نئے اقدامات کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے بڑے ہسپتالوں میں لیب ٹیسٹ کی فیس بڑھانے کی تجویز پر عملدرآمد روک دیا۔ اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ کے اضافی کاموں کو جلد مکمل کرنے کے لئے اضافی فنڈز کی منظوری دی گئی۔ لاہور کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کو بہتر بنانے کے لئے چوکنگ پوائنٹس کی ری ماڈلنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چوکنگ پوائنٹس کی ری ماڈلنگ کے کام 700 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیے جائیں گے۔
اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 16ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔