(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری کو عوام ماضی میں جھانک کر مستقبل کا نقشہ کھینچیں گے، خوشحالی اور ترقی کیلئے ووٹ دیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات کی آمد آمد ہے، 8 فروری کو عوام اپنے ووٹوں سے فیصلہ کریں گے، پاکستان کے عوام ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا حق استعمال کریں گے، عوام ماضی میں جھانکیں گے اور مستقبل کا نقشہ کھینچیں گے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے، 2017ء میں نواز شریف کی شبانہ روز محنت سے پاکستان ترقی کی طرف تیزی سے گامزن تھا، میری نظر میں یہ انتخابات پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2018ء کے بعد جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے، نواز شریف کی حکومت ختم نہ کی جاتی تو پاکستان میں معاشی بحران نہ ہوتا، ایک سازش ہوئی، ہر چیز تہہ و بالا ہو گئی اور ملک میں شدید ترین مہنگائی کا طوفان آیا۔
انہوں نے کہا کہ نفرتوں کو ختم، قوم کو متحد کر کے پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہو گا، اللہ نے نواز شریف کو موقع دیا تو ترقی اور خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع ہو گا، ہم نے 16 ماہ میں دن رات محنت کر کے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی تھی، ترقی اور خوشحالی کیلئے درست سمت کا تعین کر کے تمام توانائیاں صرف کرنا ہوں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں طلبا کو اربوں روپے کے تعلیمی وظائف دیئے گئے، نواز شریف کے دور میں لاکھوں بچوں کو مفت لیپ ٹاپ دیئے گئے، نواز شریف کے دور میں ہسپتالوں میں مفت علاج ہوا، مفت ادویات مہیا کی گئیں۔