انتخابات کرانا ہماری آئینی ذمہ داری، خوش اسلوبی سے انجام دیں گے: نگران وزیراعظم
(ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ انتخابات کرانا ہماری آئینی ذمہ داری ہے جسے خوش اسلوبی سے سرانجام دیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ انتخابات کرانا آئینی ذمہ داری ہے جو نگران حکومت خوش اسلوبی سے انجام دے گی، عوام کو ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کے لیے آئینی تقاضے پورے کرچکا ہے، الیکشن سے پہلے قیاس آرائیاں ہوتی ہیں، انتخابات کے دوران عالمی مبصرین بھی پاکستان آئیں گے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ معیشت کی بحالی ہماری اولین ترجیح رہی ہے، آئی ایم ایف کی شرائط پوری کر رہے ہیں، اقتصادی اعشاریوں کو صحیح سمت میں گامزن کرنے کے لیے معاشی اصلاحات ضروری ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، خطے کی صورتحال میں پاکستان کا بہت اہم کردار ہے، چین کے ساتھ ہمارے اسٹریٹجک تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔
انہوں نے غیر قانونی طور پر آنے والوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان 4 دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، غیر قانونی مقیم غیر ملکی پاکستان کی سکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں۔
نگران وزیراعظم نے مزید کہا کہ اب پاکستان میں جو بھی آئے گا وہ قانونی دستاویزات کے ساتھ ہی داخل ہو گا۔