پنجاب میں مہنگے داموں کھاد فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 149 ڈیلر گرفتار
(لاہور نیوز) پنجاب میں کھاد کی گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن تیز ہو گیا۔ 149 کھاد ڈیلر گرفتار، 265 کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اشیاء خورونوش اور کھاد کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ اربن یونٹ نے تین برس کے دوران اشیاء کی قیمتوں کے موازنے سے متعلق رپورٹ پیش کی۔
سیکرٹری زراعت نے بریفنگ میں بتایا کہ صوبے بھر میں گراں فروشوں اور کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، رواں ماہ گراں فروشی پر 149 کھاد ڈیلروں کو گرفتار، 265 مقدمات درج کئے گئے، 50کھاد ڈیلروں کے لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اجلاس میں زرعی اراضی کی ملکیت کی تصدیق کیلئے کھاد کے سیل پوائنٹس پر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا عملہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گراں فروشی کی روک تھام کیلئے چیف سیکرٹری نے ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں کھاد کی فروخت جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔ کھادوں کے استعمال بارے آگاہی بڑھانے کیلئے مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی اور اشیاء خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک کرنے کا بھی حکم دیا۔
چیف سیکرٹری نے ساہیوال میں پیاز اور دالوں کی قیمت زیادہ ہونے پر کمشنر سے رپورٹ طلب کر لی۔ سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو زرعی منڈیوں کے دورے کرنے اور اشیاء خورونوش کی قیمتوں کے ساتھ طلب اور رسد پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔