(لاہور نیوز) پنجاب میں خشک سردی کے باعث نمونیا کیسز بڑھنے لگے، صوبہ بھر سے نمونیا کے مزید 230 اور لاہور میں 90 کیسز رپورٹ ہوئےجبکہ پنجاب میں نمونیا سے مزید 2 بچے دم توڑگئے۔
سموگ اور خشک سردی سے نمونیا کےکیسز میں اضافہ جاری ہے،صوبہ بھر میں نمونیا کے باعث انتقال کر جانے والے بچوں کی مجموعی تعداد 63 تک پہنچ گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق لاہور کے ہسپتالوں میں نمونیا کے سیکڑوں مریض بچے زیر علاج ہیں، چلڈرن ہسپتال میں 33 سے زائد متاثرہ بچے داخل ہیں، جناح، سروسز، جنرل اور گنگا رام ہسپتال میں بھی بچوں کا علاج جاری ہے۔
نگران صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا ہے کہ بچوں میں نمونیا مختلف جراثیمی انفیکشنز کی وجہ سے پھیل رہا ہے ، پاکستان میں اس مرض سے ہر سال ہزاروں بچوں کا جاں بحق ہونا تشویشناک ہے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے مزید کہا کہ والدین بچوں کو گرم ملبوسات کے بغیر اور بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے دیں اور حفاظتی ٹیکوں کا کورس ضرور مکمل کروائیں۔