(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کی قرارداد پر الیکشن ملتوی کرنے سے انکار کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے سینیٹ قرارداد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کو خط لکھ دیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کو لکھے گئے خط میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے آپ کی قرارداد کا جائزہ لیا، ماضی میں بھی عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات موسم سرما میں ہوتے رہے ہیں۔
خط میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مشاورت کے بعد پولنگ کیلئے 8 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن نے تمام تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں، الیکشن کمیشن8 فروری کو انتخابات کیلئے سپریم کورٹ میں بھی یقین دہانی کروا چکا ہے۔
الیکشن کمیشن نے خط میں کہا کہ اس وقت عام انتخابات 2024 کو ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔
خط میں کہا گیا کہ صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے امن وامان کی صورتحال پر کمیشن نے نگران وفاقی وصوبائی حکومتوں کو ہدایات دی ہیں۔
واضح رہے کہ 5 جنوری کو سینیٹر دلاور خان نے سب سے پہلے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی تھی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کیا، اس قرارداد کی منظوری کے وقت سینیٹ میں 14 سینیٹرز موجود تھے۔