(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے غیر معیاری سلنڈرز تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ایل پی جی کے سلنڈرزکی غیر قانونی طور پر تیاری و فروخت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا، محسن نقوی نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اس ضمن میں ہدایات جاری کر دیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں ایل پی جی کے سلنڈرز غیر قانونی طور پر تیار و فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، انتظامیہ اپنے متعلقہ اضلاع میں غیر معیاری سلنڈرز کی غیر قانونی مینو فیکچرنگ اور فروخت کو سختی سے روکے اور ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیراعلیٰ نے ایل پی جی کے غیر مجاز ڈیلرز کے خلاف بھی بلا تفریق ایکشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی سلنڈر کی غیر قانونی مینوفیکچرنگ کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب اوگرا نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرزکو غیرمعیاری ایل پی جی سلنڈرز تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے اختیارات سونپ دئیے ہیں۔