(لاہور نیوز) لاہور سمیت ملک بھر میں سردی کی شدت میں کمی نہ آ سکی، میدانی علاقے آج بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔
ترجمان محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے اکثر علاقوں میں موسم شدید سرد، خشک اور دھند چھائی رہی، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 6، زیادہ سے زیادہ 14سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد رہا۔
آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارنگ منڈی، نارووال، سرگودھا، بدوملہی، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کاا مکان ہے۔
دوسری جانب ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہرات پر دھند کا دورانیہ موسم سرد ہونے کے ساتھ بڑھ گیا، شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم 4 کو شور کوٹ سے پنڈی بھٹیاں اور موٹروے ایم 5 کو شیر شاہ سے اوچ شریف تک ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔
سید عمران احمد نے مزید کہا کہ مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔