(لاہور نیوز) فواد چودھری کے کاغذات نامزدگی منظوری کا حکم نامہ واپس لیے جانے کے ساتھ ان کی اہلیہ کو بھی انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا۔
الیکشن ٹریبونل نے فواد چودھری کی اہلیہ کے 3 غیر ملکی دورے اور 9 بینک اکاؤنٹس سامنے آنے کے بعد حبا چودھری کے خلاف اعتراضات کو درست قرار دیتے ہوئے انہیں جہلم کے صوبائی حلقے سے انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے حبا چودھری کے غیر ملکی دوروں اور سٹیٹ بینک نے بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈ پیش کر دیا۔
حبا چودھری نے بینک اکاؤنٹس اور غیر ملکی دورے چھپائے تھے، اس سلسلے میں حبا کے کاغذات نامزدگی مسترد اور انہیں نااہل کیے جانے پر فواد چودھری کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
فواد چوہدری کے این اے 60 اور 61 سے منظور کاغذات کی منظوری کا حکم نامہ بھی واپس لے لیا گیا ہے، فواد چودھری نے کاغذات میں اپنی بیوی کے بینک اکاؤنٹس اورغیر ملکی دورے چھپائے۔
الیکشن ٹربیونل نے فواد چودھری کو 9 جنوری کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیوں نہ آپ کو بھی حقائق چھپانے پر نااہل قرار دیا جائے۔
کاغذات نامزدگی کی منظوری واپس لیے جانے کے ساتھ ہی فواد چودھری پر بھی نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی ہے۔