(لاہور نیوز) ایل ڈی اے نے سال 2023 میں کئے گئے کاموں پر اپنی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔
کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی جانب سے اہلیان لاہور کو نیا سال مبارک ہو۔ سال 2024 میں ایل ڈی اے صوبائی دارالحکومت کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔ ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ سال 2023 میں ایل ڈی اے نے شہر لاہور میں فقید المثال منصوبے مکمل کئے۔ ایل ڈی اے نے سال 2023 میں کئے گئے کاموں پر اپنی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی کی زیر قیادت ایل ڈی اے نے ریکارڈ مدت میں میگا ترقیاتی منصوبے مکمل کئے۔ تاخیر کا شکار لاہور بریج منصوبے کو 31 مئی کو مکمل کیا گیا۔ سمن آباد انڈرپاس کو ہدف سے 2 ماہ قبل تکمیل کیا گیا۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کی تزئین و آرائش کی گئی۔ شاہدرہ فلائی اوورز 10 ماہ کی بجائے صرف 6.5 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔ بیدیاں انڈرپاس صرف 70 روز میں مکمل کیا گیا۔ مولانا محمد علی جوہر فلائی اوورز صرف ساڑھے 6 ماہ کی مدت میں مکمل کیا گیا۔ کیولری انڈرپاس کی تعمیر، 6 ماہ کی بجائے صرف 2.5 ماہ میں کی گئی۔ 5 سال سے بند ایل ڈی اے اسفالٹ پلانٹ فنکشنل کرکے ٹیپا کو دیا گیا۔ 7 سال سے زیر التواء سبزہ زار، اسلامیہ گراؤنڈ، سنت نگر اور گلبرگ سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر مکمل، ڈاکٹر حسن مراد روڈ کی تعمیر و بحالی، اکبر چوک تا امیر چوک کُل 8.4 کلو میٹر صرف 15 روز میں مکمل کیا گیا۔
شہریوں کیلئے" ایل ڈی اے موبائل ایپ" کا اجراء کیا گیا۔ بزرگ شہریوں کو گھر کی دہلیز پر سہولت کیلئے''دستک ایل ڈی اے ایٹ ڈور سٹیپ'' مفت سروسز کی فراہمی، ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کی ریویمپنگ، شہریوں کیلئے صبح 9 تا رات 9 بجے تک سروسز کی سہولت فراہم کی گئی۔ ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ کی موجودہ دور کے جدید تقاضوں کے مطابق تشکیل نو کی گئی۔ کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے 2 چیف ٹاؤن پلانرز کی تقرری کی گئی۔ گزشتہ 5 سال کی نسبت سال 2023 میں کمرشلائزیشن کی مد میں 4 ارب (مجموعی طور پر 5 ارب) روپے سے زائد کا ریکارڈ ریونیو اکٹھا کیا گیا۔ ایل ڈی اے سکیموں کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، جوہر ٹاؤن، سبزہ زار اور فیصل ٹاؤن کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل کی گئی۔ 10 سال سے تاخیر کا شکار ایل ڈی اے سٹی، جناح سیکٹر Cبلاک میں پلاٹوں کے قبضہ کا آغاز کیا گیا۔
راوی بریج توسیعی منصوبہ اور کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ ٹریفک انجینئرنگ اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ ایجنسی(ٹیپا) کو مکمل فنکشنل بنانے کا تاریخی اقدام، ٹھوکر تا دھرم پورہ دونوں اطراف کنال روڈ انڈرپاسز کی بیوٹیفکیشن کا کام کیا گیا۔ شہر کے 6 مصروف ترین پوائنٹس (شملہ پہاڑی چوک، قادر توپاش چوک، نشتر چوک، جوڑے پل، کھوکھر چوک اور گجومتہ چوک) پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے یوٹرنز کا کام جاری ہے۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے داخلی و خارجی راستوں سمیت پارکنگ ایریا کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔