(ویب ڈیسک) پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے سڈنی ٹیسٹ میں بلے باز امام الحق کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ٹیم مینجمنٹ کو امام الحق کے بیٹنگ سٹائل پر تحفظات ہیں۔ سڈنی ٹیسٹ میں امام الحق کی جگہ صائم ایوب کو ڈیبیو کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تیسرے ٹیسٹ میں صائم ایوب عبداللہ شفیق کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔
امام الحق نے 24 ٹیسٹ میچوں میں 37.33 کی اوسط سے 1568 رنز بنائے جن میں سنچریاں اور نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 62، دوسری اننگز میں 10 رنز بنائے تھے۔ میلبرن کے دوسرے ٹیسٹ میں 10 اور 12 رنز کی اننگز کھیلی۔
امام الحق نے میلبرن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 38 گیندوں پر 12 رنز بنائے، اس سے پہلے پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی اننگز کے ٹاپ سکورر امام الحق نے 199 گیندوں پر 62 رنز بنائے تھے، میلبرن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں امام الحق نے اپنا پہلا رن 18ویں گیند پر بنایا تھا۔
امام الحق نے سیریز میں اب تک 301 گیندیں کھیلی ہیں جو پاکستان کے تمام بیٹرز کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں، عبداللہ شفیق دوسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 249 گیندوں پر 110 رنز بنائے۔