سی ٹی ڈی کی آپریشنل استعداد کار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی: محسن نقوی
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر میں سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول کے کانفرنس روم، کلاس رومز اور آڈیٹوریم سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی نے زیر تربیت کارپورلز سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ وارانہ تربیت کو سراہا۔ انہوں نے سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول کے قیام پر انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم خان کی کاوشوں کی تحسین کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس بھی ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں اور کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا دہشتگردی کی سرکوبی میں سی ٹی ڈی پنجاب لیڈنگ ایجنسی کا کردار ادا کر رہی ہے، سی ٹی ڈی کی بے مثال کارکردگی پر فخر ہے، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم خان نے مختصر عرصے میں ٹیم ورک سے سی ٹی ڈی کو مثالی ادارہ بنایا ہے، سی ٹی ڈی دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے قلع قمع کے لئے زبردست انداز میں کام کر رہی ہے اور ہمارا ہر اول دستہ ہے، سی ٹی ڈی پنجاب کی آپریشنل اور انٹیلی جنس استعداد کار بڑھانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی، پنجاب حکومت سی ٹی ڈی کی ہر ضرورت کو پورا کرے گی اور ہر سطح پر سپورٹ کریں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا پنجاب پولیس کے لئے 313 نئے گھر تعمیر کئے جا رہے ہیں، 40 نئے سمارٹ پولیس سٹیشن بن رہے ہیں، 20 شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس 31 جنوری تک فنکشنل کرنے کا پروگرام بنایا ہے، 31 جنوری تک پنجاب کے 737 تھانوں کے پاس اپنی اراضی ہو گی، اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار سی ٹی ڈی کے افسر اور اہلکار ہمارے ہیرو ہیں۔