(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شالا مار باغ کو بھی اصل تاریخی حالت میں بحال کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شالا مار باغ کا دورہ کیا اورباغ کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے خصوصی رکشا میں بیٹھ کر شالا مارباغ کا راؤنڈ لیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شالا مار باغ کے اطراف ناجائز تعمیرات کے خاتمے کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور کو ٹاسک دے دیا۔ وزیراعلیٰ نے شالا مار باغ کی بیرونی دیوار کے ساتھ بارش کے دوران جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے پائیدار حل کی ہدایت کی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایم ڈی واسا کو موقع پر ہی طلب کرلیا اورمسئلے کے حل کے لئے احکامات دیے۔ وزیراعلیٰ نے باغ کے آخری ٹیرس کی دیوار کے ساتھ بھی جمع ہونے والے پانی کے مستقل حل کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ باغ کے پانی کو صاف رکھا جائے، شالا مار باغ کوپرانی تاریخی حیثیت میں بحال کریں گے، شالا مار باغ میں شہریوں کو بہترین تفریحی و سیاحتی سہولتیں فراہم کریں گے، شالا مار باغ کی عمارت کے تاریخی ورثے کو محفوظ کیا جائے گا۔
ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی آف لاہور نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو شالامار باغ کی بحالی کے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،سیکرٹری سیاحت راجہ جہانگیر انور،چیئرمین بورڈ آف گورنرز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر فرقد عالمگیر،سی سی پی او،کمشنر لاہور،ڈپٹی کمشنر لاہور،ڈی جی پی ایچ اے،ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔