(لاہور نیوز) ایل ڈی اے نے مزید دو سپورٹس کمپلیکسز کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا۔ اسلامیہ پارک سنت نگر اور تاج پورہ سپورٹس کمپلیکس کا کام مکمل کیا گیا۔
سنت نگر سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کرنے کے لئے وزیر اعلی پنجاب کو مدعو کیا گیا۔ نگران وزیر اعلی پنجاب کی مصروفیات کے سبب تین مرتبہ سپورٹس کمپلیکسز کی افتتاحی تقاریب منسوخ کرنا پڑی۔ ایل ڈی اے نے چوتھی مرتبہ نگران وزیر اعلی پنجاب کو پھر سے استدعا کر دی۔
سنت نگر اور تاجپورہ سپورٹس کمپلیکس میں جمنیزیم کا سامان پہنچا دیا گیا۔ افتتاح نہ ہونے سے سپورٹس کمپلیکسز کے انتظامی امور چلانے سے لاگت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
سپورٹس کمپلیکسز کی تعمیر کا آغاز 2017 میں شہباز دور حکومت میں ہی ہوا تھا۔ پنجاب میں بزدار دور اقتدار، حمزہ شہباز اور پرویز الہی کی حکومت میں سپورٹس کمپلیکسز مکمل نہ ہو سکے۔ سپورٹس کمپلیکس کی تعمیراتی لاگت اوسطاً پچاس کروڑ روپے تھی۔ چھ سال بعد مکمل ہونے والے سپورٹس کمپلیکس کی اوسطاً لاگت دو ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ شہر لاہور میں ابھی بھی چھ سپورٹس کمپلیکسز زیر تعمیر ہیں۔