(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پلیئرز ڈویلپمنٹ کے تین پروگرامز کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی نے ملک بھر میں تین ترقیاتی پروگراموں کا اعلان کیا ہے۔ پروگرام کے مطابق سات شہروں میں ذیلی اکیڈمیوں کو فعال کرنا، قومی کھلاڑیوں کے لیے خصوصی تربیتی کیمپ اور انڈر 19 کھلاڑیوں کو معیاری پیشہ ور افراد کے طور پر تیار کرنے کے لیے ان کی مالی معاونت کا منصوبہ شامل ہے۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے ڈائریکٹر کرکٹ محمد حفیظ سے مشاورت کے بعد پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے اقدام کی توثیق کر دی ہے۔ پی سی بی ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے ساتھ تعاون کرے گا۔ جس کے تحت اکیڈمیوں کے لیے اسلام آباد، کوئٹہ، بہاولپور، لاہور اور پشاور میں کرکٹ گراؤنڈز کے لیے زمین فراہم ہوسکے گی۔
کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر اور ملتان میں انضمام الحق ہائی پرفارمنس سنٹر کو بھی متعلقہ وسائل کی تقرری کے ساتھ ذیلی اکیڈمیوں کے طور پر فعال کیا جائے گا۔ ترقیاتی پروگراموں کے ایک حصے کے طور پر قومی اور آنے والے کھلاڑیوں کے لیے خصوصی تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا،انڈر 19 کھلاڑیوں کو مہارت کی تربیت اور پیشہ ور افراد کے طور پر مکمل تیار کرنے کے ساتھ ساتھ وسیع مالی مدد فراہم کی جائے گی۔
ڈائریکٹر کرکٹ محمد حفیظ نے ترقیاتی پروگراموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تین ترقیاتی پروگراموں کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، اس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنا، خصوصی کیمپوں کے ذریعے قومی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور ذیلی اکیڈمیوں کو سال بھر کے لیے فعال کرنا ہے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر کام کرنا اور انہیں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،ترقیاتی پروگرام میں اندرون سندھ اور سابق فاٹا کو فوکس کیا جائے گا تاکہ دور دراز علاقوں میں موجود ٹیلنٹ کو بھی بین الاقوامی پروڈکٹ میں تبدیل کیا جا سکے۔