(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی 70 اور 80 کی دہائی کی مقبول ترین اداکارہ ممتاز اور پاکستان فلم انڈسٹری کی اداکارہ ریشم کی ایک ساتھ ڈانس کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارت کی لیجنڈری اداکارہ ممتاز گزشتہ کچھ دنوں سے پاکستان آئی ہوئی ہیں، یہاں اُنہوں نے نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو بھی دیا اور اب حال ہی میں اداکار احسن خان کے گھر دعوت میں شرکت بھی کی۔
اداکار احسن خان نے خصوصی طور پر بھارتی اداکارہ ممتاز کے لیے اس دعوت کا اہتمام کیا جس میں ریشم اور گلوکار شفقت امانت علی نے بھی شرکت کی۔
احسن خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں شفقت امانت علی اپنی خوبصورت آواز میں گانا ‘ابھی جانے کی ضد نہ کرو’ گا رہے ہیں جبکہ بھارتی اداکارہ ممتاز اور ریشم اُن کی گلوکاری سے لطف اندوز ہورہی ہیں۔
یہ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے احسن خان نے لکھا کہ "میرے گھر بالی ووڈ آئیکون ممتاز صاحبہ کا آنا اور پھر اُن کے ساتھ شاندار یادیں بنانا میرے لیے اعزاز کی بات ہے"۔
اس دعوت کی ایک اور ویڈیو ریشم نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جس میں وہ لیجنڈری اداکارہ ممتاز کے ساتھ معروف بھارتی گانے ‘کوئی شہری بابو’ پر ڈانس کررہی ہیں جبکہ احسن خان تالیاں بجاکر دونوں اداکاراؤں کے ڈانس کو خوب سراہ رہے ہیں۔
ریشم نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ "میں نے اپنے پسندیدہ لوگوں کے ساتھ بہترین لمحے اور بہترین وقت گزارا جبکہ بالی ووڈ لیجنڈری اداکارہ ممتاز کے ساتھ شاندار یادیں بنانا میرے لیے اعزاز ہے"۔
اداکارہ نے ڈنر پر مدعو کرنے کے لیے احسن خان کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی شفقت امانت علی کی گلوکاری کی بھی تعریف کی۔