20 Dec 2023
(لاہور نیوز) پاکستان بار اور سپریم کورٹ بار کے بعد پنجاب بار کونسل نے بھی چیف الیکشن کمشنر کی اہلیت پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
پنجاب بار کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے ماتحت ہونے والے انتخابات کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں، عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے شفاف انتخابات ضروری ہیں۔
پنجاب بار کے مطابق تضادات کو دور کیے بغیر الیکشن کروانا بامعنی نتائج کے حصول میں ناکامی اور قومی خزانے کے ضیاع کے مترادف ہے، سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کے ہر عمل کی توثیق کے بجائے ان تضادات کا نوٹس لے۔
سیکرٹری پنجاب بار کا کہنا ہے کہ پنجاب بار کونسل کو انتخابات کے طریقہ کار اور حلقہ بندیوں میں تضاد پر شدید تشویش ہے، شکایات کو دور کیے بغیر محض انتخابی ٹائم لائنز پر عمل سے ملکی استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔