محکمہ زراعت کا سبزیوں کیلئے ٹنل کا درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک رکھنے کی ہدایت
(لاہور نیوز) محکمہ زراعت نے مختلف سبزیوں کیلئے ٹنل کا درجہ حرارت 18سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک رکھنے کی ہدایت کر دی۔
محکمہ زراعت کا کہنا ہے کھیرے، گھیا کدو، چپن کدو، حلوہ کدو، گھیا توری، بینگن، خربوزے اور تربوز کیلئے ٹنل کا درجہ حرارت 18 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک رکھا جائے۔ اس درجہ حرارت سے کم یا زیادہ درجہ حرارت سبزیوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے اور اس ضمن میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کیا جائے۔
ترجمان محکمہ زراعت کا کہنا ہے شملہ مرچ اور سبز مرچ کیلئے درجہ حرارت 21 سے 24 جبکہ ٹماٹر اور کریلے کی فصل کیلئے 21 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ موزوں ہے۔ دن کے وقت ٹنل کے دروازے کچھ وقت کیلئے کھول دیئے جائیں تاکہ ٹنل میں نمی اور درجہ حرارت مناسب رہے اور بیماریوں کا حملہ نہ ہو اور دن کے وقت درجہ حرارت میں اضافہ رات کے وقت پودوں کے کام آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب درجہ حرارت بڑھنا شروع ہو جائے تو ٹنل کے دروازے زیادہ دیر کیلئے کھولیں کیونکہ ٹنل کے اندر نمی کی زیادتی پھپھوندی والی بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔ اس موقع پر اگر ممکن ہو تو ٹنل میں ہوا خارج کرنے والا پنکھا لگا دیا جائے تاکہ نمی کو کنٹرول کیا جا سکے۔
ترجمان نے کہا بیلوں والی سبزیوں میں نر اور مادہ پھول الگ الگ ہوتے ہیں اس لئے ان میں اختلاط نسل خودبخود نہیں ہوتا لہذا یہ کام ہاتھ سے کرنا چاہئے۔ کاشتکار یہ عمل ٹنل کے پلاسٹک اتارنے تک جاری رکھیں کیونکہ پلاسٹک اتارنے کے بعد یہ کام مکھیاں سرانجام دیتی ہیں۔