(لاہور نیوز) سرد موسم میں مہنگائی کا بازار گرم ہے۔ فارمی انڈوں کی قیمت بدستور بےلگام ہے۔ فی درجن قیمت 354 روپے تک پہنچ گئی۔
مہنگائی ٹرین فراٹے بھرنے لگی۔ انڈے 2 روپے اضافے سے 354 روپے فی درجن ہو گئے۔ فی انڈہ 35 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ برائلر گوشت 11 روپے کمی کے بعد 434 روپے فی کلو ہو گیا۔
سرکاری ریٹ لسٹ میں 3 سبزیاں مزید مہنگی کر دی گئیں۔ پیاز 5 روپے مہنگا ، سرکاری قیمت 155 روپے فی کلو مقرر، مارکیٹ میں درجہ اول پیاز 200 روپے فی کلو تک مل رہا ہے۔ ٹینڈے فارمی 3 روپے اضافے کے ساتھ 77 روپے فی کلو ہو گئے۔ مارکیٹ میں ٹینڈے فارمی 150 روپے فی کلو بیچے جا رہے ہیں۔ کریلے 90 روپے کے بجائے 180 روپے فی کلو دستیاب ہیں۔
پھلوں میں سیب 380 ، انار بدانہ 950، انگور 500 روپے فی کلو ہیں۔ کیلے درجہ اول 180 جبکہ درجہ دوم 120 روپے فی درجن فروخت کئے جا رہے ہیں۔ سنگھ پورہ سبزی منڈی میں آئے خریداروں نے کہا کہ دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی ہے۔ ہوشربا مہنگائی نے ہر چیز پہنچ سے دور کر دی ہے۔
مارکیٹ میں سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد بھی خواب بن گیا۔ دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔