(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں بھائیوں کے منتخب ہونے پر نسیم شاہ کا ردعمل سامنے آگیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے نومنتخب فاسٹ بولر نسیم شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حنین اور عبید کو عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں موقع ملا، میں سلیکٹر یا لیجنڈ نہیں کہ اپنے بھائیوں کو ٹیم میں شامل کروا سکوں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں کرکٹرز نے ڈومیسٹک اور انڈر-19 ٹیم میں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹیم میں جگہ بنائی ہے، یہ کہنا غلط ہوگا کہ نسیم شاہ کی وجہ سے سکواڈ میں منتخب ہوئے۔
فاسٹ بولر نے لیگ سپنر شاداب خان کی کپتانی میں کھیلنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم میں آل راؤنڈر کے ساتھ کھیل چکا ہوں، یقین ہے کہ نئی ٹیم کے ساتھ اچھا سیزن رہے گا۔
انہوں نے انجری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے بعد کم بیک آسان نہیں، مکمل توجہ ری ہیب پر مرکوز ہے، کوشش ہے کہ پی ایس ایل میں شاندار کم بیک کروں اور پھر ورلڈکپ کا سوچوں۔