(لاہور نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) نے ملک گیر مختلف کارروائیوں میں ایک ٹن 74 کلو گرام منشیات اور 1830 عدد نشہ آور گولیاں برآمدکرلیں جبکہ 8 ملزمان گرفتارکر لیے گئے۔
اے این ایف کی منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، امین پور انٹرچینج فیصل آباد کے قریب گاڑی سے 110.4 کلو گرام افیون اور 403.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ۔
حکام کے مطابق گوادر کے علاقے پیشوکان میں دوران کارروائی 130 کلو چرس برآمدکی گئی جبکہ شکار پور روڈ سکھر پر دوران کارروائی ٹرک سے 110 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔
حکام کاکہنا ہے کہ چمن کے غیر آباد علاقے سے 100 کلو چرس برآمد کی گئی جبکہ نوکنڈی چاغی کے غیر آباد علاقے سے 84 کلو افیون برآمد کی گئی، ایک اور کارروائی باجوڑ کے علاقے میں کی گئی جہاں سے 51.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ۔
اے این ایف حکام کے مطابق ورسک روڈ پشاور کے قریب گاڑی سے 14.4 کلوگرام افیون اور 28.8 کلو گرام چرس برآمد کی گئی جبکہ ملزم گرفتارکرلیا گیا۔
اسی طرح ایک اور کارروائی کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب برساتی نالے میں کی گئی ، جہاں سے 24 کلو چرس برآمد ہوئی ، زخہ خیل خیبر میں تین ملزمان سے 3.6 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ۔
حکام کابتانا ہے کہ کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر واقع کوریئر آفس میں جاپان بھیجے جانے والے پارسل سے 10 کلو آئس برآمدکرلی گئی ۔
باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ سے 0.9 کلو گرام آئس برآمد ہوئی، ملزم بذریعہ پرواز نمبر کیو آر 601 دوحہ کیلئے روانہ ہو رہا تھا۔
حکام کے مطابق لیبر کالونی پشاور پر گاڑی سے 2.4 کلوگرام افیون برآمدہوئی جبکہ دو ملزمان گرفتار کرلیے گئے ، اسی طرح ایک اور کارروائی لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع کوریئر آفس میں کی گئی جہاں سے قطر بھیجے جانے والے پارسل سے 640 گرام آئس برآمدکی گئی ۔
ملزمان کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔