نامراد تبدیلی پاکستان اور خیبرپختون خوا کو ڈیفالٹ کے کنارے چھوڑ گئی:مریم نواز
لاہور: (حسن رضا) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نامراد تبدیلی پاکستان اور خیبرپختونخوا کو ڈیفالٹ کے کنارے چھوڑ گئی۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز سے خیبرپختونخوا کے یوتھ کوآرڈینیٹرز نےملاقات کی جس میں خیبرپختونخوا میں یونین کونسل کی سطح تک یوتھ کوآرڈینیٹرز کی تقرری کے امور پر مشاورت ہوئی، ملاقات میں خیبرپختونخوا میں تنظیمی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، دس سال میں خیبرپختونخوا کو کنگال صوبہ بنادیاگیا ، دس سال میں بی آرٹی اور بلین ٹری سونامی کے نام پر کے پی کے میں بدترین کرپشن اور لوٹ ماری جاری رہی۔
— PMLN (@pmln_org) November 30, 2023
انہوں نے کہا کہ دس سال میں ساڑھے تین سو ڈیم تو نہ بن سکے البتہ قوم کو قدم قدم پر ڈیم فول بنایاگیا، دس سال میں کے پی کے میں ایک ہسپتال، ایک کالج، ایک یونیورسٹی نہ بن سکی، گزشتہ دور حکومت میں یہ تبدیلی آئی کہ خیبرپختونخوا صوبے کے پاس تنخواہیں اور پنشن دینے کے پیسے نہ رہے۔
چیف آرگنائزر ن لیگ کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں سب سے پہلے خیبرپختونخوا کو صحت کارڈ نوازشریف نے دیا تھا، خیبرپختونخوا کے غیرت مند اور وفاشعار عوام کو ریاست سے ٹکرانے کی سازش کی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے صحت کارڈ کا آغاز خیبرپختونخوا سے کیا تھا، یکم جنوری 2016 کو قائد ن لیگ نے صحت کارڈ کا آغاز کیا تھا، 190 ملین پاؤنڈ لوٹنے والوں نے کے پی کے اور پاکستان کے وسائل ہڑپ کرلئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختون خوا کی دس سال کی محرومیاں دور کریں گے، خیبرپختونخوا میں جدید ترین ہسپتال، بہترین تعلیمی ادارے بنائیں گے۔
یوتھ کوآرڈینیٹرز نے مریم نوازشریف کی طرف سے ورکرز کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔