29 Nov 2023
(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی بڑی سیاسی ہلچل، آئی پی پی نے سیاسی محاذ پر تحریک انصاف کو ایک اور بڑا جھٹکا دے دیا، 2 سابق ارکان قومی اسمبلی، ایک سابق صوبائی وزیر نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔
جہانگیر ترین سے ملاقات کرنے والوں میں سابق ایم این اے سردار ذوالفقار دُلا، سابق ایم این اے غلام محمد لالی اور سابق صوبائی وزیر کرنل ریٹائرڈ محمد انور شامل ہیں، ملاقات میں آئی پی پی رہنما غلام سرور خان، اسحاق خاکوانی، عون چودھری، سعید اکبر نوانی بھی شریک تھے۔
دو سابق ایم این ایز اور سابق صوبائی وزیر نے جہانگیر ترین کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا، تینوں ارکان چند روز میں باضابطہ پریس کانفرنس میں آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کریں گے، جہانگیر ترین نے تینوں رہنماؤں کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔