(لاہور نیوز) ڈینگی کے ڈنک مزید تیز ہو گئے۔ لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران 103 نئے مریض سامنے آ گئے۔
ڈینگی کے وار تھم نہ سکے۔ صوبے بھر میں 165 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ راولپنڈی میں 3 ، گوجرانوالہ میں 22 ، ملتان میں 3 اور فیصل آباد میں 16 نئے مریضوں کو ڈینگی لاحق ہوا۔ شیخوپورہ میں ڈینگی کے 6، نارووال میں 4، بہاولپور اور لودھراں میں دو دو نئے مریض سامنے آئے۔ اوکاڑہ، ساہیوال، چکوال اور ننکانہ صاحب میں بھی ایک ایک نئے مریض میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔
رواں سال لاہور میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 5926 ، پنجاب بھر میں 13 ہزار 132 ہو گئی۔ سیکرٹری صحت علی جان کے مطابق ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 65 ، پنجاب بھر میں 123 مریض زیر علاج ہیں۔ 24گھنٹوں کے دوران 381 مثبت لاروا گھروں سے، 25 آؤٹ ڈور ملے۔ 2988 آؤٹ ڈور پوائنٹس پر جبکہ 2334 گھروں میں ڈینگی سپرے کیا گیا۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے شہری گھروں میں گملوں، کنٹینرز اور نمدار جگہوں کو خشک رکھیں۔ اِن ڈور مثبت ڈینگی مچھر اور لاروا ملنے پر فیلڈ میں موجود ٹیموں کو فوری اطلاع کریں۔