(ویب ڈیسک) سیلاب اور کورونا سے شروع ہونے والے مالی بحران کی وجہ سے پاکستان ریلویز ایف بی آر ، بجلی کمپنیوں اور پی ایس او سے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگیوں میں 26 ارب 37 کروڑ روپے سے زائد کا نادہندہ ہوگیا ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے مختلف ادائیگیوں میں 26 ارب 37 کروڑ روپے ڈیفالٹ کرگیا ۔ وزارت خزانہ کو جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق پاکستان ریلویز پنشنرز کی گریجوایٹی سمیت بقایا جات میں 9 ارب سے زائد، فوت شدہ ملازمین کی ادائیگی میں 8 ارب اور پی ایس او کو ادائیگیوں کی مد میں ایک ارب 21 کروڑ کا نادہندہ نکلا ۔
دستاویزات کے مطابق پاکستان ریلویز نے لیسکوسمیت بجلی کمپنیوں کو75کروڑ53لاکھ روپے،ایف بی آر کو30 کروڑ80لاکھ،ٹھیکیداروں کو92کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق پاکستان ریلویز جی پی فنڈ فائنل ادائیگیوں میں 80کروڑ 10لاکھ کا نادہندہ ہے جبکہ دیگر ادائیگیوں میں بھی91کروڑ23لاکھ روپے کا ڈیفالٹ کر گیا۔