(ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسرائیلی بربریت کے خاتمے تک غزہ تحریک جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ امریکا اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے تو ہم بھی فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، جب تک اسرائیلی دہشتگردی ختم نہیں ہوتی ہم تحریک جاری رکھیں گے، 19نومبر کو ہمارا ملین مارچ لاہور میں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ مارچ میں آنے والوں کو شاباش دیتا ہوں، تاثر دیا گیا کہ شاید ہماری جماعت امریکی سفارتخانے پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، کل میرے کارکنان پر لاٹھیاں برسائی گئیں،پوچھنا چاہتا ہوں آپ کس کو خوش کرنا چاہتے ہیں؟ لاٹھیوں اور گولیوں کی وجہ سے تحریک کو چھوڑنا ناممکن ہے، اسلام آباد کی فضاؤں میں غزہ کے شہیدوں کے خون کی خوشبو محسوس کررہا ہوں۔
سراج الحق نے کہا کہ غزہ مارچ میں آنیوالے لوگوں کا ہر قدم اللہ تعالیٰ کے راستے میں ہے، ہم نے امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا، غزہ میں جمعہ کے دن اذان دی گئی تو بمباری کی وجہ سے کوئی نہیں آسکا، مسجد میں شہیدوں کے خون کے علاوہ کوئی چیز نہیں تھی، یہ عربوں کا نہیں ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، افسوس کا اظہار کرتا ہوں کہ مسلم حکمرانوں نے کوئی فرض نہیں ادا کیا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ 56سالوں سے فلسطینیوں کی سرزمین پر اسرائیلیوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، ہسپتالوں ،سکولوں،سول آبادی پر بمباری کی گئی، مجھے افسوس ہے کہ مسلمان حکمرانوں نے امریکا کی طرف دیکھنا شروع کیا ہے ، ہمارے حکمرانوں میں دم خم نہیں ہے، حکمران اللہ کی غلامی یا امریکی غلامی دونوں میں سے ایک کا انتخاب کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدمعاش امریکا کیلئے افغانستان کو قبرستان بنایا گیا، حماس نے امریکا کوپیغام دیا کہ ٹیکنالوجی کے مقابلے میں ایمان کی طاقت زیادہ مضبوط ہے، کھانا، دوائی، پانی اور کپڑے پہنچانےکا کام الخدمت ترکی کے ساتھ ملکر کررہی ہے، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت ہر صورت جاری رکھیں گے۔