(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) اور قومی کھلاڑیوں کے درمیان سنٹرل کنٹریکٹ پر تاحال دستخط نہ ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، اسی وجہ سے واجبات کی ادائیگی نہیں ہوسکی جبکہ کیٹیگریز پربدستوربعض کرکٹرز ناخوش ہیں۔
پی سی بی نے نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں بڑا اضافہ کیا تھا،اے کیٹیگری میں موجود بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو ماہانہ 60 لاکھ 30 ہزار روپے دیے جائیں گے، بی کیٹیگری کو ماہانہ 41 لاکھ 47 ہزار 500 روپے ملنے ہیں، سی کیٹیگری کو ماہانہ 17 لاکھ65 ہزار روپے دیے جائیں گے، ڈی کیٹیگری کوماہانہ 11 لاکھ 32 ہزار500 روپے ملنے ہیں۔
معاہدوں میں تاخیر کی وجہ سے کھلاڑیوں کو کئی ماہ سے معاوضے نہیں ملے تھے، ورلڈکپ کیلئے روانگی سے قبل جب کنٹریکٹ پر اتفاق ہو گیا تو امید ہو گئی کہ واجبات ادا کر دیے جائیں گے، البتہ حیران کن طور پر اب بھی کسی کو کوئی رقم نہیں ملی۔
اس حوالے سے رابطے پر ایک کھلاڑی نے تصدیق کی کہ تاحال بورڈ نے کوئی ادائیگی نہیں کی، البتہ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کنٹریکٹ پر تو دستخط ہی نہیں ہوئے، ورلڈکپ سکواڈ میں شامل بعض کرکٹرز نے ڈی کیٹیگری میں شمولیت پر اعتراض کیا ہے، چند دیگر کھلاڑی بھی اپنی کیٹیگریز سے خوش نہیں ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کنٹریکٹ کے معاملے میں خود تمام کھلاڑی بھی ایک پیج پر نہیں رہے، بعض کو لگتا ہے کہ بابراعظم و دیگر نے اپنے لیے مراعات حاصل کر لیں دیگر کا نہیں سوچا۔
اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ایک آفیشل نے کہا کہ جب تک معاہدوں پر دستخط نہ ہوں ادائیگی کیسے ممکن ہوگی؟ ہم نے کھلاڑیوں سے یہ تک کہا تھا کہ ای میل کے ذریعے اپنی رضامندی ظاہر کر دیں مگر سب خاموش رہے، اب ایک آفیشل کو معاہدوں کے ساتھ بھارت بھیجا ہے تاکہ وہ دستخط کرا کے لائے تو ادائیگیاں کی جائیں۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے چند روز قبل سرفراز احمد کی کیٹیگری تبدیل کرتے ہوئے بعض نئے کھلاڑیوں کو بھی کنٹریکٹ کی فہرست کا حصہ بنایا تھا۔