(لاہور نیوز) آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے 26 ویں میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 271 رنز کا ہدف دے دیا۔
بھارت کے شہر چنئی میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 26 ویں میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 46.4 اوورز میں 270 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپنر بلے باز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن ایک بار پھر اوپنر جوڑی پاکستان کو شاندار آغاز فراہم نہ کرسکی۔
اوپنر بلے باز عبد اللہ شفیق مارکو جینسن کی 17 گیندوں پر 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، اس کے بعد پاکستان کی اگلی وکٹ بھی مارکو جینسن نے لی، امام الحق 18 گیندوں پر 12 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے۔
اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کچھ دیر مزاحمت دکھائی اور کپتان کا ساتھ دیتے ہوئے قومی ٹیم کا سکور آگے بڑھایا مگر یہ سلسلہ زیادہ دیر تک نہ چل سکا اور وہ 27 گیندوں پر 31 رنز بنا کر کوٹیزے کی گیند پر ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
رضوان کے بعد نئے آنے والے بلے باز افتخار احمد نے جارحانہ انداز تو اپنایا مگر وہ زیادہ دیر تک نہ چل سکا اور مڈل آرڈر بیٹر 21 رنز بنا کر چلتے بنے جس کے بعد قومی ٹیم کو اگلا نقصان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، قومی کپتان 65 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ 240 کے مجموعی سکور پراس وقت گری جب سعود شکیل 52 رنز بنا کر شمسی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان 43، محمد نواز 24، شاہین شاہ آفریدی 2 جبکہ محمد وسیم 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔