(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے نگران وفاقی وزیر فوڈ و نیشنل سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈاکٹرکوثرعبداللہ ملک نے ملاقات کی، جس میں ربیع اورخریف کی فصلوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرڈاکٹر کوثرعبداللہ ملک نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پنجاب میں کپاس کی ریکارڈ پیداوارپر مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر کوثرعبداللہ ملک نے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر پنجاب کابینہ کے اجلاس کے انعقاد کے اقدام کو بھی سراہا۔
ملاقات کے دوران گندم اوردیگر اجناس کے نرخوں کے بارے میں بات چیت کی گئی جبکہ گندم کا نرخ یکساں رکھنے کی تجویز کا بھی جا ئزہ لیا گیا۔ کپاس کے نرخ میں استحکام کے حوالے سے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی معاونت سے کپاس کے نرخ میں استحکام لانے پر اتفاق کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاٹن کی اچھی پیداوار کے بعد کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دلانے کیلئے نرخوں میں استحکام ضروری ہے، وفاقی حکومت ٹی سی پی کے ذریعے کپاس خرید کر نرخوں کے استحکام میں اپنا بھرپور کردارادا کرے، کاٹن کی اچھی پیداوار خوش آئند ہے، ویلیو ایڈڈ پروڈکٹس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جاسکے گا۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر کوثرعبداللہ ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راوی اوردیگر دریاؤں اور نہروں میں سیوریج ڈالنے سے آبی حیات اورماحولیات کوخطرہ لاحق ہوسکتا ہے، آبی ماحولیات کے بچاؤ کے لئے سیوریج نہروں اوردریاؤں میں ڈالنے پر مکمل پابندی ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایم ڈی واسا اورڈپٹی کمشنرلاہورکو وفاقی وزیر ڈاکٹر کوثر عبداللہ کی رہنمائی سے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔