(لاہور نیوز) پیاز، ٹماٹر، لہسن اور ادرک جیسی روزمرہ استعمال کی سبزیاں خریدنا مشکل ہو گیا ۔ شہر میں مہنگائی کا گراف بلند سے بلندتر ہونے لگا۔
مارکیٹ کمیٹی نے سرکاری ریٹ لسٹ میں 2 سبزیوں کے دام بڑھا دیئے۔ شلجم 5 روپے بڑھا کر 130 روپے ، مٹر 20 روپے بڑھا کر قیمت 420 روپے کلو مقرر ہو گئی۔ روزمرہ استعمال کی سبزیاں سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد نرخوں پر بیچی جارہی ہیں۔
عام مارکیٹ میں شلجم 160 روپے کلو ، مٹر اور لہسن 600 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگے۔ سبز مرچ 200 روپے کلو ، پیاز اور ٹماٹر 140 روپے ، ادرک 1600 روپے کلو تک دستیاب ہے۔ پھلوں کی قیمتیں بھی عوام کے ہوش اڑانے لگیں۔ سیب350 روپے کلو ، کیلا 180 روپے درجن تک بکنے لگا۔
شہری کہتے ہیں پیاز، ٹماٹر ، لہسن اور ادرک کی خریداری مشکل ہو چکی ہے۔ پھل خریدنا بھی ممکن نہیں رہا۔
انڈے روزانہ کی بنیاد پر مہنگے ہونے لگے۔ ایک روپیہ مزید بڑھا کر قیمت305 روپے درجن مقرر ، برائلر 512 روپے کلو کی سطح پر برقرار ہے۔