(لاہور نیوز) صدر پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت لاہور ڈویژن کا اجلاس ہوا جس میں قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سابق ایم این ایز، ایم پی ایز اور تنظیمی عہدیداروں نے شرکت کی، اجلاس میں عوامی رابطہ مہم کے خدوخال کو حتمی شکل دی گئی۔
اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ 21 اکتوبر کا دن پاکستان کی خوشحالی، ترقی،اور عام آدمی کی مشکلات سے آزادی کا دن ہوگا،عوام نواز شریف کی واپسی کو اپنے اچھے دنوں کی واپسی سے تعبیر کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فتنے کی حکومت کو ختم نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا: رانا ثناء اللہ
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان کے فقید المثال جلسہ میں عوام نوازشریف سے اپنی محبت اور اس اعتماد کا ایک مرتبہ پھر سے اظہار کریں گے جو پہلے بھی تین مرتبہ ووٹ کے ذریعے وزیراعظم منتخب کر کے کر چکے ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مینار پاکستان پر قائد جماعت پاکستان کو درپیش مسائل سے نکالنے کا ایک بھرپور لائحہ عمل دیں گےجو پاکستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔