(لاہور نیوز) قائد پاکستان مسلم لیگ ن و سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کی ٹکٹ بک کروا لی گئی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد 21 اکتوبر کو لندن سے ابو ظہبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کریں گے، 21 اکتوبر کو میاں نواز شریف ابو ظہبی سے لاہور کے لئے روانہ ہوں گے، سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے لیے ٹکٹ کی ایڈوانس بکنگ کروا لی گئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق قائد مسلم لیگ ن نجی ایئرلائن کے ذریعے لاہور پہنچیں، ان کی پرواز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر شام 4 بجکر 25 منٹ پر لینڈ کرے گی، میاں نواز شریف کی ٹکٹ کی بکنگ نجی ایئرلائن کی بزنس کلاس میں کروائی گئی ہے، وطن واپسی پر نواز شریف کے ہمراہ ان کا سٹاف اور ذاتی مشیران بھی ہوں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف کے ہمراہ محمد وقار، ڈاکٹر عدنان، میاں ناصر جنجوعہ ہوں گے، سینیٹر عرفان صدیقی بھی سابق وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے، ابو ظہبی سے اسی پرواز میں متعدد لیگی رہنماؤں اور سابق ارکان پارلیمنٹ نے بھی سیٹیں بک کروالی ہیں۔