(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ حمائمہ ملک نے جلد شادی کے بندھن میں بندھنے کی خواہش ظاہر کردی۔
حال ہی میں اداکارہ حمائمہ ملک نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی زندگی، کیریئر اور شادی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے شادی کا بہت شوق ہے، میں چاہتی ہوں کہ ایک دن میں اپنے میاں کی بیوی بنوں، بس مداحوں کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔
میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا یہ سچ ہے کہ آپ دن میں ایک بار ضرور روتی ہیں؟ جس پر حمائمہ نے بتایا کہ ایسا پہلے ہوتا تھا لیکن اب نہیں روتی، کچھ چیزیں انسان کے ہاتھ میں نہیں ہوتیں، مجھے ہر چھوٹی سی بات پر رونا آجاتا تھا، میں بہت خوش مزاج لڑکی ہوں لیکن مجھے رونے میں چند منٹ لگتے ہیں۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ میں نے 14 سال کی عمر میں کام کرنا شروع کیا اور اب 34 سال کی ہوں، بہت چھوٹی عمر سے مسلسل کام کرنے کے دوران مجھے اپنے بارے میں جاننے کا موقع نہیں ملا، اس لیے میں شدید ڈپریشن میں چلی گئی تھی، کام کے دوران مجھے اس بات کا احساس نہیں ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اداکار دکھنے میں خوش دکھائی دیتے ہیں لیکن وہ کن حالات سے گزر رہے ہوتے ہیں اس کے بارے میں کسی کو معلوم نہیں ہوتا۔