(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف کی واپسی کی تیاری کے سلسلے میں مسلم لیگ ن آج سے لاہور میں اپنے جلسوں کا آغاز کرنے جارہی ہے۔
مسلم لیگ ن نے وطن واپسی پر اپنے قائد کے استقبال کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور اس سلسلے میں پنجاب کے مختلف شہروں میں جلسے کئے جائیں گے۔
مسلم لیگ ن اپنے قائد کی واپسی کی تیاری کے سلسلے میں آج سے جلسوں کا آغاز کررہی ہے، لیگی چیف آرگنائزر مریم نواز اور نائب صدر حمزہ شہباز آج لاہورمیں جلسوں کا آغاز کریں گے۔
مسلم لیگ ن کا پہلا جلسہ آج حلقہ این اے 123 شاہدرہ میں شام 7 بجے ہو گا، جس میں مریم نواز اور حمزہ شہباز خطاب کریں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی سے دو روز قبل لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی جائے گی، قانونی ٹیم کو یقین ہے کہ نواز شریف کو لاہور ہائیکورٹ سے 3 سے 7 روز کی حفاظتی ضمانت مل جائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حفاظتی ضمانت کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے ادارے نواز شریف کو ایئرپورٹ پر گرفتار نہیں کر سکیں گے اور انہیں فوری طور پر جیل بھی نہیں جانا پڑے گا۔