انتقامی سیاست اور اسٹیبلشمنٹ کیساتھ ٹکراؤ سے گریز پر اتفاق، اسحاق ڈار پاکستان روانہ
(لاہور نیوز) سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن میں دو ہفتے قیام کے بعد پاکستان روانہ ہو گئے، اسحاق ڈار دبئی سے ہوتے ہوئے وطن واپس پہنچیں گے۔
سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے لندن میں نواز شریف سے اہم ملاقاتیں کیں، مسلم لیگ قیادت کی لندن میں ہونے والی میٹنگز میں آئندہ دنوں میں پارٹی بیانیہ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو وطن واپسی اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے اہم مشاورت فراہم کی، لیگی قیادت کی چند اہم میٹنگز میں مریم نواز نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق میٹنگز میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پارٹی مستقبل میں معاشی ایجنڈے پر فوکس کرے گی، ن لیگ کی پہلی ترجیح پاکستان کو معاشی گرداب سے نکالنا ہوگا۔پارٹی ذرائع کے مطابق میٹنگز میں اس بات پر بھی اتفاق پایا گیا کہ انتقامی سیاست سے گریز کیا جائے گا، اسٹیبلشمنٹ سے ٹکراؤ کی پالیسی سے بھی گریز کا فیصلہ ہوا۔
میٹنگز میں پاکستان کے بڑے مسائل کے حل کیلئے مل کر چلنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، موجودہ حالات کو انتقامی سیاست کا نتیجہ قرار دیا گیا، مسلم لیگی قیادت اور رہنماؤں کے درمیان مستقبل میں مفاہمت کیلے فروغ کا فیصلہ ہوا۔