(لاہور نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حضرت محمد مصطفیؐ کی ولادت باسعادت تمام جہانوں کیلئے ایک عظیم اور مبارک ترین دن ہے، آپﷺ کی بدولت انسانیت اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہدایت کے انعام اور رحمت سے سرفراز ہوئی۔
12 ربیع الاول کے موقع پر قوم کے نام جاری پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا، آپؐ کی زندگی اللہ تعالیٰ کی اطاعت، عدل و انصاف اور انسانوں کی جانب شفت و محبت کی مجسم تصویر ہے، آپؐ کی تعلیمات ہمہ گیر اور آفاقی ہیں اور انسانیت کیلئے رہنمائی کا ایک لازوال ذریعہ ہیں، آپؐ کی تعلیمات دور ِحاضر سمیت رہتی دنیا تک درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی سیرت ِطیبہ میں ہمیں نہ صرف ایمانیات وعبادات بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق ایک کامل نمونہ ملتا ہے، اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، سماجی انصاف، حقوق العباد، صنفی مساوات اور پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے آپؐ کی ہدایات اسلام کے پیغام کی جامعیت اور عالمگیریت کی آئینہ دار ہیں۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نبی اکرم ﷺ کی ولادت کے مبارک دن پر ہر پاکستانی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی قوم اور پوری دنیا کیلئے اللہ تعالیٰ سے رحمتوں کے درخواست گزار ہوں، دعا ہے کہ پاکستان پر اللہ تعالیٰ کی رحمتیں اور برکتیں نازل ہوں اور حضور نبی اکرمﷺ کی تعلیمات ایک انصاف پسند اور خوشحال معاشرے کے قیام کے عمل میں ہماری راہیں روشن کرتی رہیں۔ آمین!
نگران وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ مسلمانوں اور مختلف عقائد کے لوگوں کے درمیان بھائی چارے کیلئے نبی کریمﷺ کے پیغام کو مشعل راہ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی ہمدردی، رواداری اور محبت کی تابندہ مثال ہے، آپ ﷺ کا کردار اور اعمال ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں، آپﷺ کی سیرت طیبہ سے ہمیں انصاف اور صلہ رحمی کا درس ملتا ہے۔
انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ نبی کریمﷺ نے ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی اہمیت پر زور دیا، آیئے مل کر ان لوگوں کی مدد کریں جو مشکلات سے دوچار ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائے۔