(لاہور نیوز) قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ طے پا گیا۔
ذرائع کے مطابق کئی ماہ سے التوا کا شکار سنٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ فریقین کے درمیان باہمی اتفاق سے طے پا گیا، قومی کرکٹرز کو کنٹریکٹ کی کئی شقوں پر اعتراضات تھے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق قومی کرکٹرز کے تمام تحفظات دور کردیے گئے ہیں، کھلاڑیوں کےکنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہوگئے تھے۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی مصروفیت کے باعث سنٹرل کنٹریکٹ پر بات چیت کا عمل تاخیر کا شکار ہوا، افغانستان سیریز پھر وطن واپسی اور پھر ایشیا کپ کے لیے ٹیم کے سری لنکا جانے کی وجہ سے کرکٹرز سے مزید بات چیت نہیں ہو سکی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھی معاملات طے کرانے میں اہم کردار ادا کیا، کرکٹرز کو بقایا جات نئےکنٹریکٹ کے مطابق ادا کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک کرکٹ کنٹریکٹس، ویمن کرکٹ ٹیم اور ڈومیسٹک ویمن کنٹریکٹس کا اعلان کر چکا ہے۔