(ویب ڈیسک)پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر کاآئی سی سی ورلڈ کپ کا ترانہ بنانے کا اعلان ۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا آفیشل ترانہ ریلیز کیا تھا۔آئی سی سی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ریلیز ہونے والے خصوصی ترانے ’ دل جشن بولے‘ میں بالی ووڈ کے سُپر سٹار رنویر سنگھ نے پرفارم کیا ہے جبکہ میوزک کمپوزر پریتم ہیں۔
شائقین کرکٹ اور سوشل میڈیا صارفین نے ورلڈ کپ کے آفیشل ترانے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ پاکستانی شائقین نے تو گلوکار علی ظفر سے آئی سی سی کا ترانہ بنانے کی فرمائش کردی ہے۔
مداحوں کے کہنے پر اب علی ظفر نے سوشل میڈیا پر اپنا ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے آئی سی سی ورلڈ کپ کا ترانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔علی ظفر نے کہا کہ ‘ہماری عوام کو بہت کم تفریح کے مواقع ملتے ہیں اور جب کوئی کرکٹ ایونٹ ہوتا ہے تو ہماری عوام چاہتی ہے کہ ترانہ ایسا ہو جو دھوم مچا دے’۔
گلوکار نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سُناتے ہوئے کہا کہ ‘میرے پاس ایک آئیڈیا ہے جس کے تحت میں آپ سب کے ساتھ ملکر ایک ترانہ تیار کرسکتا ہوں’۔اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان کے نوجوان میوزک کمپورز، رائٹرز اور پروڈیوسرز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ‘میں آپ کو میرے ساتھ ملکر ترانہ بنانے کی دعوت دے رہا ہوں’۔