(لاہور نیوز) بارشوں کے باعث ڈینگی کی صورتحال بدتر ہونے لگی۔ شہرِ لاہور میں 24 گھنٹوں کے دورانٖ ڈینگی کے 63 نئے مریض سامنے آ گئے۔
بارشوں کے باعث ڈینگی مچھر مزید بے قابو ہو گیا۔ شہر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 63 نئے مریض سامنے آ گئے۔ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 1480 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔
پنجاب بھر میں ڈینگی مریضوں کی صورتحال کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 155 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ راولپنڈی میں65، فیصل آباد میں6، گوجرانوالہ میں4 اور ملتان میں ڈینگی کے9 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔ اٹک میں 4 ، شیخوپورہ میں 2 جبکہ چکوال اور اوکاڑہ میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے49، صوبے بھر میں135 مریض زیر علاج ہیں۔
سیکرٹری صحت علی جان خان کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔