24 Sep 2023
(لاہور نیوز) جے یو آئی (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ احتساب بلا تفریق سب کا ہونا چاہئے۔
شادمان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پی ڈی ایم میں ہر ایک جماعت کے اپنے اپنے اصول ہیں، مسلم لیگ ن کسی کے خلاف احتجاج کرتی ہے تو ہم اس کے پابند نہیں ہیں، ہم نے اپنے فرض بھی ادا کئے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل جے یو آئی (ف) نے مزید کہا کہ میں اپنی رائے دے سکتا ہوں، کل اگر الیکشن نہ ہوئے تو کیا کرسکتے ہیں، الیکشن کمیشن کے جنوری میں الیکشن کرانے کے فیصلےکا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم الیکشن کمیشن کے ضابطوں میں گنجائش ہے تو سردی میں الیکشن نہ کرائے جائیں۔
مولانا عبد الغفور حیدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے کہا کہ 2018 کی تاریخ دہرائی تو جے یو آئی مزاحمت کرے گی، الیکشن میں مزید تاخیر کی تو احتجاج کریں گے۔