24 Sep 2023
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں ڈاکوؤں نے سیاستدانوں کو بھی لوٹنا شروع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شمالی چھاؤنی میں تین ڈاکوؤں نے سابق رکن پنجاب اسمبلی ربیعہ نصرت کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا، تین موٹرسائیکل سوار ڈاکو سابق رکن پنجاب اسمبلی سے 50 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔
سابق ایم پی اے ربیعہ نصرت کا کہنا ہے کہ تھانہ شمالی چھاؤنی نے ڈکیتی کی بجائے مقدمہ چھینا جھپٹی کا درج کیا ہے، ہسپتال سے کسی کی عیادت کرکے نکلی دو موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ڈاکوؤں نے گاڑی کو ٹکر مار کر روکا، گاڑی رکنے پر اسلحہ کے زور پر ڈاکوؤں نے بیگ چھین لیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بیگ میں 50 ہزار،موبائل فون، اے ٹی ایم کارڈ کے ساتھ اسمبلی کارڈ بھی موجود تھا، سی سی ٹی وی فوٹیج آنے کے باوجود پولیس ملزمان کا سراغ نہیں لگا سکی۔