(محمد بلال) معروف ڈرامہ نگار اور لکھاری خلیل الرحمٰن قمر نے کہا ہے کہ اچھی اور نیک بیوی خدا کی نعمت ہوتی ہے،اہلیہ کے علاوہ کوئی بھی مرد کی بہتر تربیت نہیں کر سکتا۔
حال ہی میں خلیل الرحمان قمر نے دنیا ٹی وی کے معروف پروگرام "مذاق رات" میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام میں انہوں نے شادی اور میاں بیوی کے تعلقات پر بھی بات کی اور کہا کہ مردوں کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ وہ بیویوں کے سامنے ان کے شوہر نہ بنیں، شوہر یہ سوچ ذہن سے نکال لیں کہ بیوی ان کے بتائے گئے اصولوں یا باتوں پر چلنے یا عمل کرنے کی پابند ہے۔
انہوں نے شادی شدہ مردوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی بیویوں کا ادب کریں، ان سے بحث نہ کریں، انہیں کم نہ سمجھیں، اگر وہ کبھی کبھی شوہروں کی بے عزتی بھی کرلیں تو انہیں برداشت کرنا چاہئے، اچھی اور نیک بیوی خدا کی نعمت ہوتی ہے اور ان کا یقین ہے کہ کسی بھی مرد کی تربیت بیوی کے علاوہ کوئی اور نہیں کر سکتا۔
خلیل الرحمان قمر نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ جس طرح بیٹے اپنی ماؤں کے آگے کچھ بول نہیں سکتے، سر جھکا لیتے ہیں، اسی طرح بیویوں کے سامنے سر جھکا لیا کریں۔
کیریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کبھی کسی پروڈیوسر کی ہدایات کے مطابق نہیں لکھا اور اسی وجہ سے انہیں مشکل وقت کا بھی سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے بھوک برداشت کی۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اچھا ڈرامہ یا سکرپٹ لکھنا صرف اچھی اردو لکھنے سے نہیں لکھا جا سکتا، جو نئے لکھاری آ رہے ہیں، انہیں سمجھنا چاہیے کہ اچھی تحریر لکھنا قدرت کا تحفہ ہوتا ہے، وہ دوسروں کی دیکھا دیکھی تحریر نہ لکھیں۔