(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو انشاء اللہ وطن واپس جا رہے ہیں، نواز شریف ملک میں سرمایہ کاری لائیں گے، نوجوانوں کو روزگار دلانے کے لیے دن رات کام کریں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جھرلو الیکشن کے ذریعے نواز شریف کا مینڈیٹ چھین لیا گیا، پاکستان کے کروڑوں عوام کو ترقی کے سفر سے محروم کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف ایک معمار بن کر دوبارہ ترقی کے سفر کو شروع کریں گے، انہوں نے کہا کہ میرے لندن آنے کی وجہ میٹنگ میں شرکت کرنا تھی۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف دور میں تین اعشاریہ 5 فیصد مہنگائی تھی، راتوں رات تو روم بھی دوبارہ تعمیر نہیں ہوا تھا، نواز شریف نے قوم سے کبھی غلط وعدے نہیں کیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے 4 سال میں بجلی کے اندھیرے ختم کر کے دکھائے، اس کے بعد قوم میں زہر گھولا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک میں تقسیم پیدا کی، نواز شریف اس زہر کو ختم کرنے کے لیے آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک میں سرمایہ کاری لائیں گے، ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو گا جہاں پر رُکا تھا۔