(لاہور نیوز) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف دوبارہ لندن نواز شریف کو پچ رپورٹ دینے گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم کی لندن روانگی پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف پچ رپورٹ دیکھ کر ہی کریز پر آنے کا فیصلہ کریں گے، وہ ہوم گراونڈ پر بھی کنڈیشنز دیکھ کر کھیلنا چاہ رہے ہیں، ن لیگ شاید کسی "سپر لیگ "مقابلوں کی منتظر ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل ٹاس کے لئے کپتان کا گراونڈ میں آنا ضروری ہوتا ہے، دیکھتے ہیں کہ نواز شریف ٹاس کے لئے خود میدان میں اترتے ہیں یا کسی اور کو بھیجتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی پی پی کی سیاست میں آمد کی وجہ سے مقابلے سنسنی خیز ہوں گے، آئی پی پی اپنی عوام دوستی سے دیگر پارٹیوں کو شکست دے گی، آئی پی پی دیگر پارٹیوں کی طرح پولیٹیکل ڈیفا لٹر نہیں ہے، نواز شریف کے واپس آنے یا نہ آنے سے آئی پی پی کی سیاست کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔